اورماڑہ، مکران کوسٹل ہائی وے پر ٹریفک حادثہ، 13 سالہ لڑکا جاں بحق، ایک ہی خاندان کے 7 افراد زخمی
اورماڑہ (ویب ڈیسک) مکران کوسٹل ہائی وے پر ہڈ گوٹھ کے مقام پر پیش آنے والے ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں تیرہ سالہ لڑکا جاں بحق جبکہ ایک ہی خاندان کے 7 افراد زخمی ہو گئے۔ یہ المناک واقعہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب پیش آیا۔تفصیلات کے مطابق، اوتھل سے اورماڑہ جانے والا ایک رکشہ جب ہڈ گوٹھ کے قریب پہنچا تو پیچھے سے آنے والی تیز رفتار زمیاد گاڑی (جو خضدار سے گوادر جا رہی تھی) نے اسے زور دار ٹکر ماری۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ رکشے میں سوار لکی مروت سے تعلق رکھنے والا تیرہ سالہ لڑکا موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ دیگر تمام سوار زخمی ہو گئے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی کوسٹل ہائی وے پولیس اور ایمرجنسی ریسپانس سینٹر اورماڑہ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور نعش سمیت تمام زخمیوں کو پاکستان نیوی کے درمان جاہ اسپتال اورماڑہ منتقل کیا۔پولیس کے مطابق، زمباد گاڑی کے ڈرائیور کو موقع پر ہی گرفتار کر کے اسے مزید قانونی کارروائی کے لیے ڈسٹرکٹ پولیس تھانہ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ واقعے نے علاقے میں افسوس و غم کی فضا پیدا کر دی ہے۔


