افغانستان سے دراندازی کرنیوالے 25 دہشتگرد ہلاک، 5 اہلکار شہید ہوگئے، اسلحہ و گولہ بارود برآمد، آئی ایس پی آر
راولپنڈی (پ ر) سیکورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام اور ضلع کرم کے علاقے گھاکی میں کارروائی کرتے ہوئے 25 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکورٹی فورسز نے کرم اور شمالی وزیرستان میں پاکستان افغانستان سرحد کے قریب خوارج کی دو بڑی دراندازی کی کوششیں ناکام بنا دی ہیں، آپریشنز کے دوران مجموعی طور پر 25 خوارج مارے گئے ہیں جن میں چار خودکش بمبار بھی شامل تھے جبکہ افواج کے پانچ سپاہی جامِ شہادت نوش کرگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، 24 اور 25 اکتوبر کو خوارج کے دو بڑے گروہوں کی نقل و حرکت اسپِن وام اورگھاِکی کے علاقوں میں دیکھی گئی، یہ گروہ افغانستان کی جانب سے پاکستان میں دراندازی کی کوشش کر رہے تھے، تاہم سیکورٹی فورسز نے انہیں بروقت نشانہ بنایا۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ اسپِن وام میں پندرہ خوارج، جن میں چار خودکش بمبار شامل تھے ہلاک کیے گئے۔ گھاِکی، کرم میں ہونے والی جھڑپ میں مزید دس دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے خوارج سے بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا ہے، تاہم اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں فوج کے پانچ جوان جن میں حوالدار منظور حسین، سپاہی نعمان الیاس کیانی، سپاہی محمد عادل، سپاہی شاہ جہان اور سپاہی علی اصغر شامل تھے شہید ہوگئے۔


