اسلام آباد، کچہری کے باہر خودکش حملے میں 12 افراد جاں بحق، متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات
اسلام آباد (ویب ڈیسک) اسلام آباد کے علاقے جی الیون میں کچہری کے باہر خودکش حملے کے نتیجے میں 12 شہری جاں بحق اور متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ سرکاری نشریاتی ادارے کا کہنا ہے کہ اسلام آباد جی الیون کچہری کے باہر خودکش دھماکا ہوا، ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکا کچہری کے باہر ہوا جس کی زد میں آس پاس کھڑے لوگ آئے، اب تک کی رپورٹ کے مطابق 12 افراد جاں بحق جبکہ 13 سے زائد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے، جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ مبینہ خودکش بمبار کا سر سڑک پر پڑا ہوا مل گیا ہے۔ دوسری جانب دھماکے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے میں وکلا بھی زخمی ہوئے ہیں۔ کچہری کے باہر دھماکے کے بعد عمارت خالی کرا لی گئی، وکلا، ججز اور سائلین کو کچہری سے نکال دیا گیا، جوڈیشل کمپلیکس کے عقبی حصے کی طرف شہریوں اور وکلا کو نکالا گیا، ججز کو بھی روانہ کر دیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکا کچہری کی پارکنگ میں کھڑی گاڑی میں ہوا ہے، دھماکے کی نوعیت کا ابھی اندازہ لگایا جا رہا ہے، دارالحکومت میں دھماکے کی آواز دور تک سنی گئی، اور دھماکے کے باعث لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا تھا۔


