خلاف ضابطہ بھرتیوں کی انکوائری مکمل، الزامات ثابت نہ ہونے پر ضلع کیچ کے تین تعلیمی افسران بحال کردیے گئے
تربت(نمائندہ انتخاب)محکمہ تعلیم بلوچستان میں کنٹریکٹ بھرتیوں سے متعلق مبینہ بے ضابطگیوں پر کی جانے والی محکمانہ انکوائری مکمل ہونے کے بعد ضلع کیچ کے تین اعلیٰ تعلیمی افسران کو تمام الزامات سے باعزت بری قرار دے کر فوری طور پر خدمات میں بحال کردیا گیا ہے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق چیف سیکرٹری بلوچستان نے سیکشن 5 بی ای ای ڈی اے 2011 (BEEDA 2011) کے تحت ہونے والی تفصیلی محکمانہ انکوائری کا ازسرِنو جائزہ لیا۔ رپورٹ کے مطابق افسران کے خلاف عائد کردہ الزامات کے ٹھوس شواہد پیش نہ کیے جاسکے، جس کے بعد تینوں افسران کو کلیئر قرار دینے کا حکم جاری کیا گیا۔ بحال ہونے والے افسران میں زمرود واحد، سابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (DEO) کیچ، شائستہ حاصل، سابق ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن (خواتین) کیچ،سعید احمد، ایڈیشنل ڈویژنل ڈائریکٹر آف ایجوکیشن مکران ڈویژن شامل ہیں۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ انکوائری رپورٹ میں افسران کے خلاف مبینہ بے قاعدگیوں یا کسی قسم کی خلاف ورزی کے شواہد ثابت نہ ہونے کے باعث تینوں افسران کو تمام اعتراضات و الزامات سے بری کرتے ہوئے فوری طور پر دوبارہ سرکاری فرائض سنبھالنے کی اجازت دی جاتی ہے۔ یاد رہے کہ یہ کارروائی محکمہ تعلیم بلوچستان میں کنٹریکٹ بنیادوں پر بھرتیوں کے عمل میں مبینہ بے ضابطگیوں کے الزامات کے بعد شروع کی گئی تھی، تاہم مکمل تحقیقات کے بعد یہ مو¿قف سامنے آیا کہ افسران کے خلاف لگائے گئے الزامات ثابت نہیں ہوئے۔



