نئے انتظامی اضلاع،تحصیل،سب تحصیل کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے،سلیم کھوسہ

کوئٹہ؛صوبائی وزیر ریونیو میر سلیم کھوسہ نے کہا ہے کہ صوبے کے وسیع محل وقوع کی بنیاد پر نئے انتظامی اضلاع،تحصیل،سب تحصیل کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے اور نئے اضلاع اور ایڈمنسٹریٹو یونٹس کے قیام سے صوبہ کے انتظامی مسائل کے حل میں کافی حد تک پیش رفت ممکن ہو سکے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے بورڈ آف ریونیو کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اجلاس میں صوبائی وزیر کونئے اضلاع کے قیام سمیت ان کیلئے درکار وسائل اور دیگر امور پر متعلقہ حکام نے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر نے صوبے میں نئے اضلاع کے قیام اور ان میں سہولیات کی بروقت فراہمی اور فنڈز کے اجرا سمیت دیگر مربوط وسائل کی فراہمی کے لیے جامع پلان مرتب کرتے ہوئے اس پر پیشرفت کو مزید تیز کرنے کی ہدایات صادر کئیے۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں نئے اضلاع کے قیام سے عوامی مسائل میں خاطرخواہ کمی آئے گی۔ جبکہ موجودہ صوبائی حکومت وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان کی سربراہی میں تمام تر وسائل کی بروقت فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے۔ اجلاس میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو قمر مسعود، سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی ارشد مجید،،کمشنر کوئٹہ ڈویژن عثمان علی خان،ڈی جی لیویز مجیب الرحمٰن قمبرانی، پی اینڈ ڈی، فنانس،ہوم ڈیپارٹمنٹ،لا ڈیپارٹمنٹ،اور پولیس ڈیپارٹمنٹ کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس کو سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو قمر مسعود نے ا ضلاع کیلئے درکار وسائل و ضروریات کے حوالے سے تفصیلی بریفنیگ دی۔ اجلاس کو نئے اضلاع میں مختلف شعبہ جات جن میں پولیس، ٹرانسپورٹ، جدید آلات کی فراہمی، انفراسٹرکچر، ٹریننگ و دیگر ضروریات اور ان کے لئے درکار فنڈزکے بارے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ریونیو کا کہنا تھاکہ موجودہ صوبائی حکومت رہنما اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے دیر پا ترقی کے اہداف کے حصول کو ممکن بنا رہی ہے اب ترقی و خوشحالی کا حقیقی سفر شروع ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے اضلاع اور تحصیل بنانے کیلئے انتظامی بنیادوں پر بنانے کیلئے عوامی خواہشات کے عین مطابق فیصلے کئے جا رہے ہیں۔ اس ضمن میں آبادی اور مالی وسائل کی تقسیم کا بھی باریک بینی سے جائزہ لیا جارہا ہے۔ نئے اضلاع اور تحصیلیں بنانے کا فیصلہ میرٹ پر کیاجائیگا۔ صوبے کے کسی علاقے کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں