فیصل آباد، کیمیکل فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے بچوں سمیت 17 افراد جاں بحق، 20 زخمی ہوگئے، اموات میں اضافے کا خدشہ
فیصل آباد (ویب ڈیسک) فیصل آباد میں کیمیکل فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے چار بچوں سمیت 17 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے، جبکہ دھماکے کے باعث متعدد گھروں کی چھتیں بھی گر گئیں۔ فیصل آباد کے علاقے ملک پور میں واقع کیمیکل فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی۔ دھماکے سے قریب واقع 9 گھروں کی چھتیں بھی گر گئیں۔ ریسکیو ٹیموں نے فیکٹری کے ملبے سے مزدوروں اور قریبی گھروں کے ملبے سے چار بچوں اور خواتین سمیت 13 افراد کی لاشیں جبکہ 20 افراد کو زخمی حالت میں نکال کر الائیڈ ہسپتال منتقل کردیا جہاں 10 کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ پولیس کے مطابق فیکٹری منیجر بلال کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ فیکٹری مالک قیصر چغتائی واقعے کے بعد فرار ہوگیا جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ علاقہ مکینوں نے آباد علاقے میں قائم فیکٹری کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ دریں اثنا انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی) پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ ریسکیو 1122، فائر بریگیڈ اور تمام متعلقہ اداروں کو مکمل تعاون فراہم کیا جائے۔


