محکمہ صحت توسیع پروگرام ٹیکہ جات کی پوسٹوں پر بھرتی غیر مقامی افراد کو گرفتار کیا جائے، یوسی چیئرمین گونی گریشہ
کوئٹہ (ویب ڈیسک) حکومت بلوچستان کی جانب سے محکمہ صحت توسیع پروگرام ٹیکہ جات میں غیر مقامی افراد کی بھرتی مقامی افراد کے حقوق غضب کرنے کے مترادف ہے۔ چیئرمین یونین کونسل گونی گریشہ ریاض احمد ساجدی کی جانب سے بتایا گیا کہ خضدار کی سب تحصیل گونی گریشہ میں محکمہ صحت توسیع پروگرام ٹیکہ جات میں یونین کونسل کی سطح پر غیر مقامی افراد کو جعلی لوکل سرٹیفکیٹ پر بھرتی کیا گیا جس کے باعث مقامی افراد نوکریوں سے محروم ہیں۔ نوجوانوں نے گونی گریشہ میں غیر مقامی افراد کو پوسٹ پر بھرتی کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مقامی افراد کو روزگار سے محروم رکھنے کی سازش قرار دیا ہے۔ اس حوالے سے مقامی نوجوانوں میں شدید مایوسی کی لہرپھیلی ہوئی ہے۔ ریاض احمد ساجدی نے کہا کہ حکومت بلوچستان اور محکمہ صحت کے حکام بالا گونی گریشہ میں محکمہ صحت توسیع پروگرام ٹیکہ جات میں غیر مقامی افراد کی بھرتی کا فی الفور نوٹس لیتے ہوئے ان کیخلاف مقدمے کا اندراج کرتے ہوئے گرفتار کیا جائے بصورت دیگر احتجاجاً سی پیک شاہراہ پر دھرنادیکر شاہراہ کو بلاک کیا جائےگا۔


