بلوچستان دل کے قریب، بلوچستان کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے، اسپیکر ایاز صادق کا گورنر بلوچستان سے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد (این این آئی) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے ملاقات کی جس میں بلوچستان کی سیاسی و انتظامی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی اور سابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی بھی شریک تھے۔ صوبے میں ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح کے امور زیرِ غور آئے۔ گورنر بلوچستان نے صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر بات چیت کی۔ وفد نے صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشوں کو سراہا۔ سردار ایاز صادق نے کہاکہ بلوچستان دل کے قریب ہے، بلوچستان کے مسائل کا حل موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے- انہوںنے کہاکہ پاکستان کی ترقی بلوچستان کی ترقی سے جڑی ہوئی ہے- وفد نے ملک کے وفاقی اور صوبائی جمہوری اداروں کے مابین روابط کو فروغ دینے کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی کاوشوں کو سراہا۔ وفد نے قومی اسمبلی کی کارروائی کو خوش اسلوبی سے چلانے پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے کردار کو سراہا۔ اسپیکر سردار ایاز صادق نے بلوچستان کے عوام کی فلاح و ترقی کو قومی ترجیح قرار دیا۔ ملاقات میں وفاق اور بلوچستان کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں