میر حاصل خان بزنجو کے انتقال سے ملک ایک سنجیدہ اور مخلص سیاستدان سے محروم ہو گیا،زمرک اچکزئی

کوئٹہ:صوبائی وزیر زراعت انجینئر زمرک خان اچکزئی نے سینئر سیاسی رہنما نیشنل پارٹی کے قائد سینیٹر میر حاصل خان بزنجو کے انتقال پر دلی رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ میر حاصل خان بزنجو کی ملک میں جمہوریت کی ترقی، آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی کے لیے گرانقدر خدمات ہیں۔میر حاصل خان بزنجو کی سیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مرحوم ایک ذہین اور دور اندیش سیاسی رہنما ہونے کے ساتھ نفیس شخصیت کے مالک تھے۔جنہوں نے تمام عمر اصولوں کی سیاست کی اور غیر جمہوری قوتوں کے خلاف ثابت قدمی سے کھڑے رہے۔ میر حاصل خان بزنجو کے انتقال سے ملک ایک سنجیدہ اور مخلص سیاستدان سے محروم ہو گیا ہے انہوں نے دعا کی ہے کہ اللہ تعالی میر حاصل خان بزنجو کی مغفرت فرمائے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں