متنازعہ ٹوئٹ کیس میں ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو اپنے دفاع کا پورا موقع فراہم کیا جائے، اسلام آباد بار
اسلام آباد (آن لائن) اسلام آباد بار ایسوسی ایشن نے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کے خلاف متنازعہ ٹوئٹ کیس میں صفائی کا مناسب موقع نہ دیے جانے کے خلاف گزشتہ روز عدالتی کارروائی کا مکمل بائیکاٹ کیا ۔ بار کے مطابق ملزمان کو مو¿قف پیش کرنے کا حق نہ ملنا انصاف کے بنیادی تقاضوں کے منافی ہے۔ بار کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد بار آج غیر قانونی اور غیر آئینی طرزِ عمل کے خلاف احتجاجی ہڑتال کر رہی ہے۔ بار نمائندگان کے مطابق وکلا کمیونٹی میں اس معاملے پر شدید تشویش پائی جاتی ہے اور یہ صورتحال انصاف کی فراہمی کے معیار پر سوال اٹھاتی ہے۔اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ بار ایسوسی ایشن اپنے ارکان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو اپنے دفاع کا پورا موقع فراہم کیا جائے تاکہ عدالتی کارروائی شفاف اور منصفانہ طریقے سے آگے بڑھ سکے۔


