عمران خان نے حکومت سے مذاکرات کا مینڈیٹ محمود اچکزئی اور ناصر عباس کو دیا ہے، بیرسٹر گوہر
راولپنڈی (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ مذاکرات سے متعلق علیمہ خان کا مو¿قف سب کے سامنے موجود ہے، تاہم وہ خود اس معاملے پر مزید بات نہیں کریں گے۔ منگل کو راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اگر محمود خان اچکزئی کے پاس مینڈیٹ موجود ہے تو وہ ضرور بات کر سکتے ہیں، کیونکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے خود کہا تھا کہ مذاکرات محمود خان اچکزئی اور ناصر عباس کریں۔ خیال رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ پارٹی میں جو بھی رہنما مذاکرات کی بات کرتا ہے، وہ نہ تو بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہے اور نہ ہی عمران خان کا ساتھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اسٹریٹ موومنٹ کا واضح پیغام خیبر پختونخوا کی قیادت کو پہنچا دیا ہے۔ بیرسٹر گوہر علی کا کہنا تھا کہ چاہے راستہ مزاحمت کا ہو یا مفاہمت کا، کسی نہ کسی صورت میں راستہ کھلنا چاہیے۔ انہوں نے حکومت کے رویے کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومتیں اس طرح نہیں چلتیں اور ملک پہلے ہی سنگین مسائل سے دوچار ہے، جن میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ان کے مطابق اگر کچھ نہ بھی ہو تو سال ختم ہونے سے پہلے ملاقات ہونی چاہیے تاکہ حالات میں بہتری کی کوئی صورت نکل سکے۔ انہوں نے کہا کہ بہنوں کی ملاقات پر سیاست نہیں ہونی چاہیے اور بشریٰ بی بی کی فیملی کو ملاقات کی اجازت ملنی چاہیے۔ بیرسٹر گوہر کے مطابق ملاقات نہ ہونے کی وجہ سے عوام میں غلط پیغام جا رہا ہے، جو مزید پیچیدگیاں پیدا کر سکتا ہے۔


