چیک پوسٹوں پر روزانہ وصول ہونے والا بھتہ میرے سالانہ فنڈ سے زیادہ ہے،ایم پی اے گوادر
گوادر (این این آئی)چیک پوسٹوں پر روزانہ وصول ہونے والا بھتہ میرے سالانہ فنڈ سے زیادہ ہے،پولیس، کوسٹ گارڈ ، کسٹم اور ایکسائز کی چیک پوسٹوں پر بھتہ خوری پر جلد رپورٹ شائع کروں گا۔چیک پوسٹوں پر بھتہ خوری بند نہ ہوئی تو دوبارہ سڑکوں پر آئیں گے،گوادر میں مزدور اور پک اپ ڈرائیور بدترین تذلیل کا شکار ہیں،ان خیالات کا ظہار امیر جماعت اسلامی بلوچستان , ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے پیک ڈرائیوروں کی جاری دھرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ گوادر کے مزدوروں اور پِک اَپ چلانے والوں کو ریلیف دیا جائے، نہ کہ ہر چیک پوسٹ پر تنگ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میں اداروں کو واضح پیغام دینا چاہتا ہوں کہ گوادر کے عوام کو سہولت دی جائے، ان پر ظلم و جبر بند کیا جائے،اگر یہ ناانصافی اور جبر بند نہ ہوا تو میں ایک بار پھر ہزاروں لوگوں کو سڑکوں پر نکالنے پر مجبور ہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ چند دنوں کے اندر تفصیلی رپورٹ شائع کرونگا کہ جیک پوسٹوں پر پولیس، کوسٹ گارڈ، کسٹم اور ایکسائز سمیت دیگر ادارے روزانہ کی بنیاد ہر کتنا بھتہ وصول کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بطور ایم پی اے اتنا میرا سالانہ فنڈ نہیں جتنا چیک پوسٹوں پر روزانہ کی بنیاد پر بھتہ وصعل کیا جاتا ہے۔ میں نے ان معاملات پر اسمبلی فلور کے علاوہ وزیر اعلیٰ سے لیکر مختلف سیکیورٹی اداروں کے سربراہان سے ملاقات کی اور انہیں اپنے بارڈر سے منسلک کاروباری افراد پک اپ ڈرائیور اور مزدوروں کی تکالیف سے انہیں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا اگر یہی حالات برقرار رہے تو میں دوبارہ سڑکوں ہر دھرنا دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ بطور ایم پی اے میں اس بات کی گواہی دیتا ہوں کہ بارڈر سے منسلک کاروباری افراد یہاں کے چیک پوسٹوں ہر زلیل و خوار ہیں۔ یہاں نہ کوئی پالیسی ہے اور نہ کوئی ضابطہ جس کی وجہ سے روزانہ یہاں پک ڈرائیور، مزدور اور دیگر کاروباری افراد کی چیک پوسٹوں پر روزانہ تزلیل ہوتی ہے۔ اگر اسی طرح یہ رویہ برقرار رہا تو جلد ایک عظیم الشان جرگہ بلاکر آئندہ کا لائحہ عمل طے کروں گا۔


