میئر نیویارک ظہران ممدانی کی رہائش گاہ کے باہر دھماکا خیز ڈیوائس برآمد، 2 مشتبہ افراد گرفتار
نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) نیویارک پولیس کے مطابق میئر نیویارک ظہران ممدانی کی رہائش گاہ کے باہر ہونے والے احتجاج کے دوران دھماکا خیز ڈیوائس برآمد ہوئی ہے جس کے بعد 2 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ظہران ممدانی کے گھر کے باہر احتجاج کے دوران جلائی اور پھینکی گئی ایک ڈیوائس دراصل دھماکا خیز مواد پر مشتمل تھی، جسے ایک جار میں بھرا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق مذکورہ جار میں میں نٹس، بولٹس اور پیچ موجود تھے اور اسے سیاہ ٹیپ سے لپیٹ کر اس میں فیوز لگایا گیا تھا۔ ہفتے کے روز میئر کے گھر کے باہر ہونے والے مظاہرے کے دوران ایک شخص نے اسے پھینکا، تاہم دھماکے سے پہلے ہی مواد خود بجھ گیا۔ کمشنر نیویارک پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے سلسلے میں 2 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کر رہے ہیں۔ کمشنر آف پولیس کا کہنا ہے کہ احتجاج کے دوران 2 آلات سے حملہ کرنے کی کوشش کی گئی، پہلی ڈیوائس میں دھماکا خیز مواد موجود تھا جبکہ دوسرے آلے کا ابھی بھی معائنہ کیا جا رہا ہے۔


