بلوچستان میں بارشوں اور ژالہ باری کا نیا سلسلہ، محکمہ موسمیات کا 27 اضلاع کے لیے الرٹ جاری
کوئٹہ(یو این اے )محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے طول و عرض میں بارشوں کے دو نئے سلسلوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں اور عوام کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، پہلا سلسلہ 24 سے 25 مارچ اور دوسرا طاقتور سلسلہ 27 سے 29 مارچ تک صوبے کو متاثر کرے گا، جس کے دوران ساحلی پٹی سمیت تقریبا 27 اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ محکمہ نے خبردار کیا ہے کہ 25 سے 28 مارچ کے دوران شدید بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور فلیش فلڈنگ (اچانک سیلابی صورتحال) پیدا ہو سکتی ہے، جس سے نشیبی علاقے متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔بارشوں کی یہ پیشگوئی خاران، خضدار، لسبیلہ، گوادر، کوئٹہ، زیارت، پشین، قلات، مستونگ اور نصیرآباد سمیت صوبے کے تمام اہم اضلاع کے لیے کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہواں اور ژالہ باری کے باعث کچی آبادیوں اور کمزور عمارتوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے، اس لیے شہری حفاظتی تدابیر اختیار کریں۔ سیاحوں اور مسافروں کو خاص طور پر ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پہاڑی علاقوں اور ندی نالوں کے قریب غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ تمام ضلعی انتظامیہ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے اداروں کو کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہنے اور پیشگی اقدامات مکمل کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔


