مردان میں لینڈ سلائیڈنگ سے 9 مزدور، باجوڑ میں مکان کی چھت گرنے سے 4 افراد جاں بحق

پشاور (ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا کے ضلع مردان میں پہاڑ کے نیچے دب کر 9مزدور جاں بحق ہوگئے، دو زخمی جبکہ ایک کی تلاش جاری ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق یہاںسنگ مرمر کی کان میں مجموعی طور پر 12 مزدور کام کے لیے آئے تھے اور صفائی کا کچھ کام مکمل کرنے کے بعد چائے پینے کے لیے بیٹھے تھے۔ اسی دوران اچانک لینڈ سلائیڈنگ ہوئی اور پہاڑ کا ایک بڑا حصہ نیچے گرنے سے مزدور دب گئے۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں نو مزدور جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو مردان کے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ مزدوروں کا تعلق صوابی، بونیر، ضلع مہمند اور پشاور سے بتایا جا رہا ہے۔ دوسری جانب باجوڑ میں افسوسناک حادثہ پیش آیا، ڈاگ لم شاہ کے علاقے میں بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق گھر کی چھت اچانک گرنے سے موقع پر موجود 4 افراد جاں بحق جبکہ 1 زخمی ہوگیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 2 خواتین اور 2 بچے شامل ہیں۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ لاشوں اور زخمیوں کو خار اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں