پنجگور کے مختلف علاقوں میں سڑکوں کو تعمیر کرنے کے نام پر اکھاڑ دیا گیا، سال گزرنے کے باوجود کام التوا کا شکار

پنجگور (نامہ نگار) پنجگور کے مختلف علاقوں میں زیر تعمیر سڑکوں کا کام تعطل کا شکار، پنجگور کے مختلف علاقوں میں سڑکوں کو تعمیر کرنے کے نام پر اکھاڑ دیا گیا، ایک سال گزرنے کے باوجود کام شروع نہیں کیا گیا ہے، اکثر زیرِ تعمیر سڑکوں کا کام تعطل کا شکار ہے جن میں دوزناپ، شاپاتان ٹو چتکان، غریب آباد، لانچ چوک، ڈمب سے پنچی تک سڑک شامل ہے، ذمہ دار ادارے کام میں تعطیل کا نوٹس لیں اور عوام کی تکالیف کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹھیکیدار حضرات کام کو جلد مکمل کردیں تاکہ عوام کو آمد و رفت میں آسانیاں فراہم ہوسکیں۔ محکمہ تعمیرات اور مواصلات کی عدم توجہ کی وجہ سے بہت سی سڑکوں کے دوسرے پورشن بھی تاحال نامکمل ہیں، قلم چوک سے فیض محمد چوک تک ڈبل سڑک کی بجائے سنگل سڑک بناکر کام ادھورا چھوڑ دیا گیا ہے، اسی طرح پبلک ہیلتھ آفس سے گھاس منڈی تک پی سی ون سے ہٹ کر تنگ روڈ بنایا گیا ہے جبکہ روڈ کے تجاوزات تاحال قائم ہیں، شہریوں کے مطابق حکومت نے مختلف علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر اور توسیع کے لیے کروڑوں روپے مختص کیے ہیں مگر تاحال سڑکوں کا کام نہ صِرف تعطل کا شکار ہے بلکہ بعض سڑکوں کو پی سی ون سے ہٹ کر بنایا گیا ہے، شہریوں نے اپیل کی ہے کہ پنجگور کی زیر تعمیر سڑکوں کو جلد مکمل کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں