اگر کسی مقدس مقام کو نقصان پہنچتا ہے تو اس کی ذمہ داری ان شدت پسندوں پر عائد ہوتی ہے جن کی وجہ سے حالات خراب ہیں، وزیر داخلہ بلوچستان
ویب ڈیسک : کچھ روز قبل مستونگ میں جھڑپوں کے باعث مسجد اور مدرسے کے نقصان سے متعلق برطانوی نشریاتی ادار ے بی بی سی کو بلوچستان کے وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے بتایا کہ مساجد اس روح ارضی پر سب سے مقدس مقامات ہیں اور ان کو نقصان پہنچانے کا کوئی مسلمان سوچ بھی نہیں سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جب سکیورٹی فورسز یا عوام پر کوئی حملہ ہوتا ہے تو سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں جھڑپوں کے دوران ہزاروں گولیاں اور گولے چلتے ہیں جس میں یہ تعین کرنا مشکل ہوتا ہے کہ مقدس مقامات کو کس کی گولی لگنے سے نقصان پہنچا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر کسی مقدس مقام کو نقصان پہنچتا ہے تو اس کی ذمہ داری ان شدت پسندوں پر عائد ہوتی ہے جن کی وجہ سے حالات خراب ہیں۔انھوں نے کہا کہ جب یہ شاہراہوں پر ناکہ بندی کے علاوہ آبادیوں کے قریب سے حملے کرتے ہیں اور اگر سکیورٹی فورسز اس کے خلاف جوابی کارروائی نہ کریں تو بھی انھی کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے کہ انھوں نے کارروائی کیوں نہیں کی۔محکمہ داخلہ کے معاون برائے میڈیا بابر یوسفزئی نے کہا کہ مسجد اور مدرسے کو سکیورٹی فورسز کی کارروائی سے نہیں بلکہ کالعدم تنظیموں کی شرپسندوں کاروائی سے نقصان پہنچا ہے۔


