زیارت شہر میں 13، دیہات میں21 گھنٹے کی بجلی لوڈشیڈنگ، نظام زندگی مفلوج، اہل علاقہ کا مرکزی شاہراہ پر دھرنا

زیارت (ویب ڈیسک) وادی زیارت میں بجلی کی بدترین اور ناروا لوڈشیڈنگ کے خلاف عوامی حلقوں کی جانب سے پیچی ڈیم کے مقام پر پہیہ جام ہڑتال کی گئی، جس کے باعث زیارت کوئٹہ مین شاہراہ ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے بند ہو گئی۔ احتجاج کی وجہ سے سڑک کے دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں اور مسافروں سمیت انٹرمیڈیٹ کا امتحان دینے والے امیدواروں اور اسکول جانے والے طلبہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ واپڈا حکام کی من مانیوں کی وجہ سے نظام زندگی شدید متاثر ہو رہا ہے؛ ضلعی ہیڈ کوارٹر زیارت میں 13 گھنٹے جبکہ دیہات میں 18 سے 21 گھنٹے تک بجلی بند رکھی جا رہی ہے۔ انہوں نے واپڈا کی نااہلی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بجلی کا دورانیہ فوری طور پر کم کیا جائے، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ کار مزید وسیع کر دیا جائے گا۔ شاہراہ کی بندش سے وادی کا دیگر شہروں سے زمینی رابطہ منقطع ہو کر رہ گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں