امریکی تحویل میں پاکستانی اور ایرانی ملاحوں کی واپسی کیلئے سفارتی سطح پر رابطے جاری ہیں، اسحاق ڈار

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سنگاپور کے قریب امریکی حکام کی تحویل میں موجود جہازوں پر پاکستانی اور ایرانی ملاحوں کی بحفاظت واپسی کے لیے سفارتی سطح پر رابطے جاری ہیں۔ یہ جہاز مبینہ طور پر امریکی فوج کی جانب سے ایران کے بحری محاصرے کی خلاف ورزی کرنے پر قبضے میں لیے گئے تھے۔ اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے سنگاپور کے وزیر خارجہ ویوین بالا کرشنن سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور ان سے درخواست کی کہ وہ امریکی حکام کی جانب سے تحویل میں لیے گئے جہازوں پر موجود 11 پاکستانی اور 20 ایرانی ملاحوں کی فلاح و بہبود اور وطن واپسی میں تعاون فراہم کریں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ جہاز اس وقت سنگاپور کے سمندری حدود کے قریب موجود ہیں۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ انہوں نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے بھی اس معاملے پر بات چیت کی اور دونوں ممالک اس صورتِ حال پر قریبی رابطے میں ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں