ابوظہبی میں جوہری پاور پلانٹ پر ڈرون حملے کے نتیجے میں آتشزدگی، تمام یونٹس معمول کے مطابق فعال ہیں، حکام کی وضاحت

ابوظہبی (مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ عرب امارات کی ریاست ابو ظہبی کے براکہ جوہری پاور پلانٹ پر ڈرون حملے کے نتیجے میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تاہم کسی جانی نقصان کی رپورٹ موصول نہیں ہوئی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ابوظہبی حکومت کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ابوظہبی کے حکام نے الظفرہ ریجن میں واقع براکہ جوہری پاور پلانٹ کے اندر حفاظتی حصار کے بیرونی حصے میں الیکٹریکل جنریٹر پر ہونے والے آتشزدگی کے واقعے پر کارروائی کی جو ڈرون حملے کے باعث پیش آیا تھا۔ بیان میں بتایا گیا کہ واقعے میں کسی کے زخمی ہونے کی رپورٹ نہیں ہے اور جوہری پاور پلانٹ سے ریڈیائی سطح پر کوئی اثرات مرتب نہیں ہوئی ہیں۔ حکام نے بتایا کہ تمام حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں اور مزید تفصیلات سامنے آنے پر آگاہ کیا جائے گا۔ متحدہ عرب امارات کی فیڈرل اتھارٹی فار نیوکلیئر ریگولیشن (ایف اے این آر) نے تصدیق کی ہے کہ آگ سے پاورپلانٹ کی حفاظتی یا مرکزی نظام پر کوئی اثر نہیں پڑا ہے اور تمام یونٹس معمول کے مطابق فعال ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں