ایران کے اندر معاشی صورتحال بدترین ہے، معاہدہ ہونے تک کوئی ریلیف فراہم نہیں کیا جائیگا، ٹرمپ
واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ہم ایران کے جواب کا چند دن تک انتظار کریں گے جب تک ایران سے کوئی معاہدہ نہیں ہو جاتا، ایران کو کوئی ریلیف فراہم نہیں کیا جائے گا۔ امریکی صدر ٹرمپ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں درست جواب حاصل کرنا ہوگا، امریکا کا جن ایرانی رہنماﺅں سے رابطہ ہے وہ معقول لوگ ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ ایران ڈیل کرنے کےلئے بےتاب ہے، انہوں نے ساتھ دھمکی بھی دی کہ اگر ایران کے ساتھ ڈیل نہیں ہوئی تو امریکا دوبارہ حملہ کرسکتا ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں لوگوں کی حالت انتہائی خراب ہے، وہ ڈیل چاہتا ہے، ایران کے اندر بدترین معاشی صورتحال کے باعث شدید عوامی غم اور غصہ ہے، ایران جنگ کو ابھی تین ہی ماہ ہوئے ہیں، اس میں بھی زیادہ وقت سیز فائر کا ہے، آبنائے ہرمز کو بھی کھول دیں گے لیکن مجھے کوئی جلدی نہیں۔ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران بدترین شکست سے دوچار ہے، ایران کو بری طرح تباہ کردیا، آئندہ دنوں میں مزید چیزیں دیکھیں گے، ایران کے ساتھ معاہدے پر جلدی نہیں۔


