افغانستان کیساتھ تعلقات میں کشیدگی کی بنیادی وجہ دہشت گردی ہے، پاکستان
دفترِ خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں کشیدگی کی بنیادی وجہ دہشت گردی ہے، طالبان حکومت یا تو افغان سر زمین سے پاکستان میں ہونے والے دہشت گرد حملوں میں سہولت کار ہے یا چشم پوشی کر رہی ہے۔انہوں نے ہفتہ وار بریفنگ میں مطالبہ کیا ہے کہ طالبان حکومت تحریری یقین دہانی دے کہ افغان سر زمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہو گی، ورنہ تعلقات موجودہ سطح پر ہی رہیں گے۔ پاکستان نے بی ایل اے، ٹی ٹی پی سمیت دہشت گرد گروہوں کی کارروائیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے جبکہ سندھ طاس معاہدے پر بھارت کی بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کی سخت مذمت کی ہے۔ترجمان دفترِ خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے حصے کے ایک قطرہ پانی پر بھی سمجھوتا نہیں کرے گا، سندھ طاس معاہدے میں کسی بھی فریق کے یک طرفہ طور پر علیحدگی اختیار کرنے کی کوئی شق موجود نہیں۔ان کا کہنا ہے کہ پاکستان مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے خاتمے، تنازعات کے پُرامن حل کے لیے سہولت کار اور ثالث دونوں کا کردار ادا کر رہا ہے، وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے 2 دوروں پر ایرانی قیادت کے ساتھ اہم ملاقاتوں میں سیکیورٹی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین اپنی دوستی کی 75 سالہ تقریبات منا رہے ہیں، 75 سال مکمل ہونے پر سرکاری سطح پر تقریبات کا انعقاد ہوا، دونوں ممالک نے گزشتہ 75 سال میں ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا، تجارت، صنعت، تعلیم اور عوامی رابطوں میں باہمی شراکت داری موجود ہے، سفارتی تعلقات کے 75 سال پر پاک چین لازوال دوستی اور باہمی تعاون کا اعادہ کیا جارہا ہے۔


