قبائلی لشکر تشکیل دے کر کالعدم تنظیموں کا خاتمہ کریں گے، نور محمد دمڑ
کوئٹہ (یو این اے) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنما اور صوبائی وزیر خوراک حاجی نور محمد خان دمڑ نے ہرنائی، شاہرگ اور زیارت مانگی کے حالیہ واقعات کی میں مذمت کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہم ہر حد تک جائیں گے اور اگر ضرورت پڑی تو کالعدم تنظیموں کے خلاف قبائلی لشکر تشکیل دے کر بندوق اٹھا کر پہاڑوں پر بھی جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حلقے کے امن کو تباہ کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی اور بہت جلد زیارت، ہرنائی، شاہرگ اور سنجاوی پر مشتمل ایک بڑا قبائلی جرگہ طلب کیا جائے گا، جو مکمل طور پر غیر سیاسی ہوگا۔ اس جرگے کے تمام شرکا کو وہ خود دعوت دیں گے تاکہ سیاست سے بالاتر ہو کر خطے کے امن کے لیے متحد ہوا جاسکے۔ مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر حاجی نور محمد دمڑ نے کہا کہ ضلع ہرنائی کے علاقے تحصیل شاہرگ شیخ موسیٰ بابا چورنگی کے مقام پر مسلح دہشت گردوں نے ناکہ لگا کر مقامی اور معصوم نہتے لوگوں کو نشانہ بنایا، جس میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا جو کہ انتہائی قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔ انہوں نےکہا ہے کہ شاہرگ میں معصوم اور بے گناہ لوگوں کا خون بہانے والے ظالموں کا اسلام، پاکستان یا کسی بھی مذہب اور قوم سے کوئی تعلق نہیں ہے، معصوم انسانوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے پوری دنیا کے لیے قابل نفرت ہیں۔ انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ ان بزدل درندوں کو ان کے سفاکانہ فعل کی سزا ضرور ملے گی اور ہم اپنے علاقوں کو دہشت گرد تنظیموں اور ان کے سہولت کاروں سے پاک کرنے کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔


