افغان سرحد پر سیکورٹی فورسز کی کارروائیاں، 26 دہشتگرد ہلاک، متعدد اہم ٹھکانے تباہ کردیے، وفاقی وزیر اطلاعات
اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان نے سرحد پار دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائی کرتے ہوئے 26 دہشت گرد ہلاک اور ان کے 4 اہم مراکز تباہ کر دیے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے ایکس پر جاری ایک بیان میں بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے افغان سرحد پر انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر ایک مربوط اور منظم آپریشن کرتے ہوئے ماسٹر مائنڈز اور منصوبہ سازوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں بھارت کے زیرِ سرپرستی دہشتگرد سرگرمیوں میں ملوث 26 دہشتگرد ہلاک کردیے گئے۔ وفاقی وزیر کے مطابق یہ کارروائیاں موسیٰ درہ میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کی چوکی، شمالی وزیرستان میں چیک پوسٹ اور بنوں پولیس اسٹیشن پر ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کے ردِعمل کے طور پر کی گئیں۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے 4 اہم اہداف، جن میں دہشت گرد کمانڈر علیم خان اور کمانڈر اختر جانی خیل کے ٹریننگ سینٹرز اور بھاری اسلحے کے گودام شامل ہیں، کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے۔


