بلوچستان کسٹمز کی بڑی کارروائی، ساڑھے چار ارب روپے مالیت کا غیر ملکی و ممنوعہ سامان نذرِ آتش کردیا،کلیکٹر

کوئٹہ (آن لائن) ماڈل کلیکٹریٹ کسٹمز کوئٹہ کی جانب سے کسٹم انفورسمنٹ کوئٹہ کے کلیکٹر شاہد جان نے کہا ہے کہ پاکستان کسٹمز کے عملے نے سمگلنگ کے خاتمے کو یقینی بناتے ہوئے قومی معیشت کے تحفظ کے لئے پر عزم ہے اس لئے غیر قانونی تجارت کی حوصلہ شکنی اور ملکی معیشت اور کاروبار کے فروغ میں مدد ملے گی تمام ادارے مشترکہ حکمت عملی کے تحت غیر قانونی کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف موثر کارروائیاں کررہے ہیں تاکہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کا محاسبہ ہوسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کوئٹہ میں 4 ارب 50 کروڑ روپے مالیت سے زائد کی ضبط شدہ غیر ملکی اور ممنوعہ سامان کو نذر آتش کرنے کے موقع پر منعقدہ تقریب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیف کلیکٹر کسٹمز بلوچستان باسط مقصود عباسی ، سیکرٹری ایکسائز اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے کلیکٹر کسٹم انفورسمنٹ کوئٹہ شاہد جان نے بتایا کہ قبضے میں لئے جانے والا سامان 64 ٹرکوں کے ذریعے سخت سیکورٹی میں تلف کرنے کےلئے مذکورہ مقام پر پہنچایا گیا نذر آتش کئے جانے والے سامان میں مختلف اقسام کی غیر ملکی اشیاء، ممنوعہ سامان ، سمگلنگ شدہ مصنوعات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کسٹمز کے عملے نے ہمیشہ بزنس کمیونٹی اور تاجروں سمیت تمام کاروباری حضرات کو جائز کاروبار کیلئے قانونی طور پر سہولیات اور وسائل کی فراہمی ممکن بنائی ہے جس کا مقصد اسمگلنگ کے خاتمے اور قومی معیشت کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے اور ان اقدامات کے لیے ہم پرعزم ہےں۔ انہوں نے کہاہم دیگر اداروں کے ساتھ ملکر سمگلنگ کی روک تھام کو یقینی بناتے ہوئے ہر ماہ اربوں روپے مالیت کے غیر قانونی، اسمگل شدہ اور ممنوعہ سامان کو قبضے میں لیکر تلف کریں گے تاکہ غیر قانونی کاروبار کی حوصلہ شکنی ہو اورقانونی تجارت و کاروبار کو تحفظ مل سکے ۔اسمگلنگ کے خلاف جاری مہم کو مزید موثر اور تیز بنایا جا رہا ہے جس کا مقصد بلوچستان سے غیر قانونی کاروباری سرگرمیوں اور سمگلنگ کا راستہ روکنا ہے اس حوالے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے غیر قانونی کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی ۔ اس موقع پر سیکرٹری ایکسائز بلوچستان نے کسٹمز کی سمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے کسٹمز کے ساتھ تمام متعلقہ ادارے مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کر رہے ہیں جس کی وجہ سے سمگلنگ اور غیر قانونی کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف بھر پور کارروائیاں جاری ہیں۔ کلیکٹر کسٹمز نے کہا کہ ملکی معیشت کو مضبوط بنانے اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں سمیت سمگلنگ کے خاتمے کو یقینی بناتے ہوئے ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں کسٹم اپنا کلیدی کردار ادا کرتا رہے گا دریں اثناءانہوں نے قبضے میں لی گئیں ساڑھے 4ارب روپے کی ممنوعہ اور غیر قانونی اشیاء، سازو سامان کو آگ لگاکر نذر آتش کردیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں