10 محرم تک بلوچستان بھر میں دفعہ 144 کے تحت نئی پابندیاں نافذ
ویب ڈیسک : حکومت بلوچستان نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر صوبے بھر میں دفعہ 144 کے تحت نئی پابندیاں نافذ کر دی، محکمہ داخلہ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ پابندیاں یکم محرم الحرام سے 10 محرم الحرام تک نافذ العمل رہیں گی، تاہم حکومت ضرورت پڑنے پر ان میں توسیع یا قبل از وقت خاتمہ بھی کر سکتی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق صوبہ بھر میں فرقہ وارانہ، اشتعال انگیز، نفرت آمیز اور امن عامہ کو نقصان پہنچانے والے ہر قسم کے مواد کی اشاعت، تقسیم، نمائش اور سوشل میڈیا سمیت ڈیجیٹل ذرائع سے تشہیر پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اسلحہ اور گولہ بارود کی نمائش، لے کر چلنے یا عوامی مقامات پر ظاہر کرنے پر بھی پابندی ہوگی، البتہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مجاز اہلکاروں کو اس سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ کوئٹہ ضلع کے لیے جاری خصوصی احکامات میں ڈبل سواری پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔ مزید برآں، ضلع سے باہر سے لائے جانے والے بڑے ساؤنڈ سسٹمز اور برانڈ اسپیکرز کو متعلقہ حکام کی پیشگی اجازت کے بغیر داخلے کی اجازت نہیں ہوگی،نوٹیفکیشن کے مطابق محرم کے جلوسوں اور مجالس کے راستوں پر واقع گھروں، عمارتوں کی چھتوں، بالکونیوں، کھڑکیوں اور دیگر بلند مقامات پر کھڑے ہونے یا غیر متعلقہ افراد کے جمع ہونے پر بھی پابندی ہوگی، جبکہ صرف رہائشیوں اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مجاز افراد کو اس کی اجازت ہوگی۔محکمہ داخلہ کے نوٹیفکیشن میں تمام ڈپٹی کمشنرز، پولیس حکام اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ ان احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔ واضح کیا گیا ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 188 سمیت دیگر متعلقہ قوانین کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


