نوشکی میں سی ٹی ڈی اہلکار کی شہاد ت افسوسناک، بابا جان محمد حسنی کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی، شا ہدر ند
کوئٹہ(این این آئی) وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے میڈیا و سیاسی امور شاہد رند نے نوشکی کے علاقے احمدوال چوک میں فائرنگ کے واقعے میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے اہلکار بابا جان محمد حسنی کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اپنے ایک بیان میں شاہد رند نے کہا کہ بابا جان محمد حسنی فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے کے بعد ہسپتال منتقل کیے گئے تھے، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے۔ انہوں نے کہا کہ شہید اہلکار نے صوبے میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قابل قدر خدمات انجام دیں اور ان کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی شاہد رند نے شہید اہلکار کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد اور امن دشمن عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے اور شہداءکی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو فوری تحقیقات اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام ضروری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے واقعے کے مختلف پہلوو¿ں کا جائزہ لے رہے ہیں اور تحقیقات جاری ہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے میڈیا و سیاسی امور شاہد رند نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان حکومت دہشت گردی، انتہاپسندی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف اپنی کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رکھے گی اور صوبے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے انہوں نے شہید بابا جان محمد حسنی کے درجات کی بلندی، مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔


