ژوب سے 9 سالہ، ڈیرہ مراد جمالی سے 13 سالہ مغوی لڑکیاں باز یاب کرالی گئیں، پولیس
ژوب، ڈی ایم جمالی (ویب ڈیسک) سٹی ڈیرہ مراد جمالی پولیس کی کامیاب کارروائی، 13 سالہ مغویہ بحفاظت بازیاب۔ ایس ایچ او تھانہ سٹی ڈیرہ مراد جمالی انسپکٹر عبدالرﺅف نے سی آئی اے انچارج بہادر علی ڈومکی اور پولیس ٹیم کے ہمراہ کامیاب کارروائی کرتے ہوئے مطلوب ملزم خدا بخش ولد الٰہی بخش جتوئی کو گرفتار کرلیا جبکہ اس کے قبضے سے اغوا ہونے والی 13 سالہ مغویہ کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔ ملزم کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ علاوہ ازیں ژوب کے علاقے نیو آبادی سے گزشتہ روز لاپتا ہونے والی نو سالہ بچی سدرہ بنت فاضل کبزئی کو پولیس نے افغان باشندے کے گھر سے بحفاظت بازیاب کرلیا جبکہ مرکزی ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس نے ملزم کی بیوی کو حراست میں لے کر مزید تفتیش شروع کردی ہے۔ ایس ایس پی سید عبدالصبور کے مطابق بچی کی بازیابی کے لیے مختلف پہلوﺅں سے تحقیقات کی گئیں، متاثرہ بچی اور اس کے والدین کے بیانات کی روشنی میں معلوم ہوا کہ بچی ملزم کے گھر سے اپنے گھر پانی لینے گئی تھی جہاں مبینہ طور پر ملزم افغان باشندے نے اسے شربت پلانے کے بہانے اپنے واپس گھر بلا لیا جس کے بعد وہ لاپتا ہوگئی۔ ایس ایس پی عبدالصبور نے بتایا کہ پولیس نے خفیہ اطلاع اور شواہد کی بنیاد پر مذکورہ گھر پر چھاپہ مارا جہاں بچی کو ایک کمرے کے اندر زمین میں کھودے گئے گڑھے سے بحفاظت بازیاب کرلیا گیا، تاہم کارروائی کے دوران مرکزی ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جبکہ اس کی بیوی کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ملزم کے اہل خانہ کو قبل ازیں ژوب سے ڈی پورٹ کیا جاچکا تھا، تاہم اس کے باوجود وہ دوبارہ ژوب واپس آگئے تھے، ایس ایچ او اختر گل کاکڑ نے بتایا کہ مرکزی ملزم کی گرفتاری کے بعد واقعے کے تمام پہلوﺅں سے پردہ اٹھایا جائے گا۔ ابتدائی تحقیقات سے شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ملزم بچی کو موقع ملتے ہی افغانستان منتقل کرنے کا منصوبہ رکھتا تھا، تاہم پولیس کی بروقت کارروائی کے باعث اس منصوبے کو ناکام بنا دیا گیا۔ پولیس نے فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔


