9 محرم الحرام، ملک بھر میں جلوس برآمد ہوں گے، سیکیورٹی کے سخت انتظامات
اسلام آباد: ملک بھر میں آج 9 محرم الحرام کے جلوس برآمد ہو رہے ہیں اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہہ سمیت شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کی یاد میں شہر شہر نویں محرم کے جلوس آج بر آمد ہو رہے ہیں جبکہ جلوسوں کے اختتام پر مجالس کا بھی اختتام ہو گا۔
لاہور میں مرکزی جلوس پانڈو اسٹریٹ سے شروع ہو گا اور روایتی راستوں سے ہوتا ہوا خیمہ سادات پر اختتام پذیر ہو گا۔ کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے شروع ہو کر امام بارگاہ حسینیان ایرانیان کھارا در پر ختم ہو گا جبکہ اسلام آباد اور پشاور سمیت دیگر شہروں میں بھی مجالس اور جلوسوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔جلوسوں اور مجالس میں حضرت امام حسینؓ اور دیگر شہدائے کربلا کی قربانیوں کو یاد کیا جائے گا۔
نویں محرم الحرام کے جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ جلوس کے مرکزی راستوں کے اطراف کی گلیوں اور سڑکوں کو رکاوٹیں اور ناکے لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔ جلوس کے راستوں پر کے اطراف عمارتوں کی چھتوں پر بھی پولیس اہلکار تعینات ہیں۔
پنجاب حکومت نے محرم الحرام کے ليے کورونا سے بچاؤ کا ضابطہ کار جاری کیا۔ مجالس میں کورونا ٹيسٹ منفی آنے والے ذاکرین کو بیان کی اجازت ہو گی جبکہ جلوس کے تمام شرکا اور عزاداروں کا ماسک پہننا لازمی ہو گا۔تنگ اور بند عمارتوں کے بجائے کھلی جگہ پر مجالس کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔


