پسنی کی سمندری حدود میں غیر قانونی ٹرالنگ کیخلاف کارروائی ،2ٹرالر پکڑ لئے گئے
سنی (نامہ نگار)پسنی ،سیکورٹی حکام کے بیان کے مطابق غیر قانونی ٹرالنگ کے خلاف کوسٹ گارڈز نے کارروائی کرتے ہوئے 2 ٹرالرز پکڑے گئے ،تفصیلات کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈز نے پسنی کی سمندری حدود میں غیر قانونی ٹرالنگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو ٹرالرز کو پکڑ لیا۔ کارروائی 28 اگست کی شب ساحل سے تقریباً 10 ناٹیکل میل کے اندر کی گئی۔ذرائع کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈز کے اہلکار معمول کی سمندری نگرانی اور گشت پر مامور تھے کہ اس دوران دونوں ٹرالرز کو غیر قانونی ٹرالنگ میں ملوث پایا گیا، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے انہیں تحویل میں لے لیا گیا،مقامی ماہی گیروں کے مطابق غیر قانونی ٹرالنگ سے سمندری حیات، مچھلی کے ذخائر اور سمندری ماحول کو شدید نقصان پہنچتا ہے، جبکہ اس عمل کے باعث مقامی ماہی گیروں کے روزگار پر بھی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ماہی گیر برادری نے پاکستان کوسٹ گارڈز کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سمندری حدود میں مو¿ثر نگرانی اور بروقت کارروائی سے مقامی ماہی گیروں میں تحفظ کا احساس پیدا ہوا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ غیر قانونی ٹرالنگ کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا،مقامی افراد اور ماہی گیروں نے ساحل اور سمندری وسائل کے تحفظ کے لیے پاکستان کوسٹ گارڈز کی خدمات کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔


