نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کیلئے ٹھوس بنیادوں پراقدامات اٹھارہے ہیں، زمرک اچکزئی
کوئٹہ : صوبائی وزیر زراعت انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ہماری سیاست کا محور عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کا ترجیحی بنیادوں پرحل ہے،عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیںگے ۔ صوبے میں ترقیاتی عمل جاری ہے اور نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس بنیادوں پراقدامات اٹھارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں پیر کے روز اپنے دفترمیں مختلف علاقوں سے آئے ہوئے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت صوبے کے پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لئے اقدامات کر رہی ہے، موجودہ تمام اضلاع پر خصوصی توجہ مرکوز کر رہی ہے اورمختلف ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل سے عوام کو درپیش پانی، صحت اور تعلیم کے مسائل حل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ زراعت کی فروغ کے لئے اہم منصوبے شروع کئے گئے جن میں زمینداروں کو ٹریکٹر کی فراہمی، پائپ لائن اور تالاب شامل ہے جن سے زراعت کی ترقی میں غیر معمولی بہتری آئے گی اور زرعی پیدوار میں اضافہ ہوگا۔ دریں اثناء مختلف علاقوں سے آئے ہوئے لوگوں نے صوبائی وزیر زراعت کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے حل کے لئے درخواست کی۔ صوبائی وزیر نے بعض درخواستوں پر موقع پر ہی متعلقہ حکام کو احکامات جاری کئے۔


