سابق بھارتی صدر پرنب مکھرجی چل بسے
بھارت کے سابق صدر پرنب مکھرجی 84 برس کی عمر میں چل بسے ہیں، وہ کورونا پازیٹو آنے کے بعد سے اسپتال میں داخل تھے۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق پرنب مکھرجی کی موت کی تصدیق ان کے بیٹے ابھیجیت مکھرجی نے کردی ہے۔
بھارت کے سابق صدر کو فوج کے ریسرچ اینڈ ریفرل اسپتال میں 10 اگست کو داخل کرایا گیا تھا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پرنب مکھر جی انتہائی نگہداشت میں تھے، ان کے پھیپھڑوں میں انفیکشن اور گردے میں خراج کا علاج جاری تھا۔
دوران علاج ان کی صحت میں کوئی بہتری نہیں آرہی تھی اور وہ مسلسل گہری بیہوشی میں تھے، جس کے باعث ان کی حالت تشویشناک ہوچکی تھی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اپوزیشن جماعت انڈین نیشنل کانگریس سے تعلق رکھنے والے پرنب مکھرجی کا سیاسی کیریئر 5 دہائیوں طویل تھا۔
وہ 25 جولائی 2012 سے 25 جولائی 2017 کے دوران بھارت کے 13ویں صدر کی حیثیت سے اپنے فرائض کی انجام دہی کرتے رہے۔
پرنب مکھرجی کے انتقال کی خبر پر نریندر مودی سرکار کے وزیر داخلہ امیت شاہ نے ان کے سیاسی خدمات کی تعریف کی اور اُن کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی ہے۔


