ایم پی ایز 18سال سے کم عمری کی شادی پر پابندی کے بل کو فوری طور پر اسمبلی سے پاس کرکے نافذ العمل کریں،ثمرین مینگل

کوئٹہ:آئی ڈی اے کی چیئرپرسن ثمرین مینگل نے کہا ہے کہ ارکان بلوچستان اسمبلی 18سال سے کم عمری کی شادی پر پابندی کے بل کو فوری طور پر اسمبلی سے پاس کرکے نافذ العمل کریں،کورونا وائرس کے دوران گھروں میں کام کرنے والی خواتین اور معذور افراد بری طرح متاثر ہوئے ہیں حکومت انہیں راشن اور مالی امداد فراہم کرے۔یہ بات انہوں نے منگل کو روبینہ،آمنہ رئیسانی اوردیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بڑھتے ہوئے کاروکاری،تیزاب پھینکنے کے واقعات اور خواتین و لڑکیوں کے خلاف دیگرسنگین و گھناونی پرتشدد کاروائیوں کا سدباب کیا جائے اورانکے خلاف جنسی تشدد اورامتیازی سلوک کو فوری طور پر بند کیا جائے اورایسا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کے حقوق و تحفظ اورانکی ترقی سے متعلق قوانین اورپالیسیوں کو مضبوط بنایا جائے تاکہ معاشرے میں خواتین کی حق تلفی نہ ہوسکے بلوچستان کے تمام اضلاع اور خصوصاً دوردراز علاقوں میں زچگی کے دوران زچہ و بچہ کی شرح اموات میں کمی کے لئے متعلقہ علاقوں میں زچگی سے متعلق سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ زچگی کے دوران ضائع ہونے والی قیمتی جانوں کوبچایا جا سکے حمل گرانے سے متعلق قوانین کی روشنی میں جدید سہولیات کی دستیابی کو بنیادی مرکز صحت میں یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کے بارے میں مردوں کے رویوں میں مناسب،جامع اور دیرپا مثبت تبدیلیاں جلد صوبے میں متعارف کروائی جائیں تاکہ اپنے خاندان سے متعلق بنیادی فیصلوں میں خواتین کی رائے کو اہمیت دی جائے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو امتیازی سلوک کا نشانہ بناکر انہیں جائیداد میں حصہ نہیں دیا جاتا ہماری حکومت سے اپیل ہے کہ وراثت کے قانون کو عملی طور پر نافذ کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں بچوں کو جنسی تشدد کا نشانہ بننے سے محفوظ رکھنے کیلئے حکومت ٹھوس اقدامات کرے کیونکہ جنسی درندگی کا سب سے آسان شکار بچے ہوئے ہیں لہذا اس قسم کے مکروہ جرائم کرنے والے افراد کوکیفر کردار تک پہنچانے کیلئے حکومت خصوصی طور پراقدامات کرے اور خصوصاً بچوں کو اس حوالے سے اسکولوں میں آگاہی وتربیت فراہم کرے۔انہوں نے کہا کہ جنسی تشدد اور امتیازی سلوک کا نشانہ بننے والی خواتین اوربچوں کے تحفظ کیلئے مناسب اور باعزت شلٹر اور پناہ گاہیں بنائی جائیں۔انہوں نے کہا کہ فیصلہ سازی اور دیگرامور میں خواتین کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے اورانکی تعداد بڑھانے کے لئے انہیں مواقع فراہم کئے جائیں اور ساتھ ساتھ ان کی بھر پور حوصلہ افزائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ ایک اعشاریہ 2ملین خواتین کے پاس کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ موجود ہی نہیں جس کی بناء پر جمہوری حق رائے دہی میں ایک بہت بڑا خلاپیدا ہوتا ہے اسی وجہ سے تقریباً ایک اعشاریہ آٹھ ملین خواتین ووٹ نہیں ڈال سکتیں اوراسی طرح نوے فیصد خواتین کواپنے شہری اورسیاسی حقوق کے بارے میں آگاہی تک نہیں ہوتی اور نہ ہی یہ خواتین جمہوری عمل کی تکمیل کا حصہ بن سکتی ہیں لہذا حکومت بلوچستان اوردیگر اداروں خصوصاً نادرا اورالیکشن کمیشن آف پاکستان کا یہ فرض بنتا ہے کہ شناختی کارڈ کے حصول کو آسان بنایا جائے اور شناختی کارڈ کے حصول کی فیس میں نمایاں کمی کی جائے تاکہ دور دراز علاقوں میں رہنے والی غریب خواتین بھی شناختی کارڈ کے حصول سے مستفید ہوسکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں