شام میں اسرائیل کے مبینہ فضائی حملے، ایران نواز ملیشیا کے 16جنگجو ہلاک
دمشق :شام کے مشرقی صوبہ دیرالزور میں فضائی حملوں میں ایران نواز ملیشیا کے 16 جنگجو ہلاک ہوگئے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق برطانیہ میں قائم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق کی غیر مصدقہ اطلاع کے مطابق یہ فضائی حملے اسرائیل کے لڑاکا طیاروں نے کیے ۔ان حملوں سے چند گھنٹے قبل ہی شامی حکومت نے وسطی صوبہ حمص میں ایک فوجی اڈے پر اسرائیل کے میزائل حملے کو ناکام بنانے کا دعوی کیا تھا۔رصدگاہ کے ڈائریکٹر رامی عبدالرحمان نے بتایا کہ مشرقی شہر المیادین کے نواح میں قلعہ الرحبہ میں فضائی بمباری میں ایران نواز عراقی ملیشیا حزب اللہ کے سات جنگجو ہلاک ہوئے ۔عراق کی سرحد کے نزدیک واقع شام کے ایک اور مشرقی شہرالبوکمال میں نو جنگجو فضائی بمباری میں مارے گئے ۔ان کا کہنا تھا کہ ان فضائی حملوں کا اسرائیل ہی ممکنہ طور پر ذمہ دار ہے اور اگر اس کی تصدیق ہوجاتی ہے تو گذشتہ 24 چوبیس گھنٹے میں اسرائیل کا شام میں یہ دوسرا اور اس ہفتے میں تیسرا حملہ ہوگا۔


