میر حاصل بزنجو کی وفات سے بلوچ قوم ایک صدمہ سے گزررہی ہے، ڈاکٹرمالک بلوچ

تربت : نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر، سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہاکہ میر حاصل خان بزنجو کی وفات سے بلوچ قوم ایک عظیم سانحہ اور صدمہ سے گزررہی ہے ،9ستمبر کوتربت میں انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے منعقدہ تعزیتی ریفرنس میں پارٹی دوست بھرپوراندازمیں اپنی شرکت یقینی بنائیں ، جہاں بھی پارٹی کارکنان ہیں وہ میر حاصل خان کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں ، ان خیالات کااظہار انہوں نے ہفتہ کے روزاپنی رہائش گاہ پر میر حاصل خان بزنجو کی یادمیں9ستمبر کومنعقدہونے والے تعزیتی ریفرنس کی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ میر حاصل خان بزنجو کی جمہوریت اورقانون کی بالادستی کیلئے جدوجہد کسی سے پوشیدہ نہیں ہے ،میر جمہوریت سینٹر میر حاصل خان بزنجو کے انتقال سے پاکستان ایک عظیم قومی و سیاسی قائد سے محروم ہوگیا جس نے اپنی پوری زندگی انسانیت کی سربلندی، قانون کی بالادستی، جمہوریت کے استحکام اور قوموں کی سیاسی و معاشی خودمختاری کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ میر حاصل خان بزنجو کا فیڈریشن اور جمہوریت پر غیر متزلزل یقین تھا اس نے ملک میں حقیقی جمہوریت کے قیام کے لئے دن رات محنت کی وہ ملک میں مضبوط پارلیمانی جمہوری نظام کے علمبردار اور داعی تھے زندگی کے نشیب و فراز کا مستقل مزاج اور خندہ پیشانی کے ساتھ مقابلہ کیا مشکل سے مشکل حالات کا تحمل و شاہستگی سے سامنا کرتے رہے، ان کی کمی سے پورا ملک، بلوچستان اور خصوصا نیشنل پارٹی بہت زیادہ متاثر ہوا،نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن واجہ ابوالحسن نے کہاکہ میر حاصل خان بزنجو میرکاروان تھے وہ ایک فکری ونظریاتی دوست تھے وہ ہم سے جداضرورہوئے ہیں مگر ان کی فکروسوچ زندہ ہے ، اجلاس سے نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر محمدجان دشتی نے بھی خطاب کیاجبکہ ڈاکٹرنوربلوچ، ناظم الدین ایڈووکیٹ ، نثار احمدبزنجو سمیت دیگررہنما بھی شریک تھے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں