لندن: مقامی فٹبال میچ میں ریفری کو تشدد کا نشانہ بنانے والے کھلاڑی پر 10 سال کی پابندی

لندن:مغربی لندن کے مقامی فٹبال میچ میں ریفری کو مکوں سے زخمی کرنے والے کھلاڑی پر دس سال کی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
انگلش سرزمین پر فٹبال کا عام میچ اس وقت خاص بنا جب ریڈ کارڈ دکھانے والے ریفری ستیام ٹوکی پر قاتلانہ حملہ کر دیا گیا۔ مکوں کے وار سے زخمی ریفری کو فوری طبی امداد دی گئی جبکہ وحشی فٹبالر کے خلاف تحقیقات شروع کر دی گئیں۔
حکام نے ضابطے کی خلاف ورزی کرنے والے فٹبالر پر دس سال کی پابندی عائد کر دی ہے۔ کھلاڑی اس عرصہ میں فٹبال کی کسی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل اس قسم کا ایک واقعہ روس میں بھی پیش آیا تھا جہاں ریڈ کارڈ دکھانے پر سابق قومی کپتان نے پٹائی کرکے ریفری کو ہسپتال پہنچا دیا تھا۔
یہ واقعہ ماسکو میں ہونیوالے ایک فٹ بال میچ کے دوران پیش آیا تھا جہاں ریڈ کارڈ دکھائے جانے پر فٹبالر نے ریفری کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔ کھلاڑی روس کی قومی فٹ بال ٹیم کے سابق کپتان شیروکوف تھے۔ ریفری کو کئی گھنٹے ہسپتال میں رہنا پڑا۔