نیب حملہ کیس بنانے میں شہزاد اکبر ماسٹر مائنڈ ہے،کیپٹن (ر) محمد صفدر
لاہور: انسدادہشتگردی کی خصوصی عدالت نے مریم نواز کی پیشی کے موقع نیب آفس کے باہر ہنگامہ آرائی کے مقدمے میں نامزد کیپٹن (ر) محمد صفدر کی عبوری ضمانت میں 16 ستمبر تک توسیع کردی ۔کیپٹن (ر)صفدر عدالت میں حاضری کے لیے پیش ہوئے ۔انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے درخواست ضمانت پر سماعت کی ۔عدالت نے عبوری ضمانت میں 16ستمبر تک توسیع کرتے ہوئے چوہنگ پولیس کو ملزمان کو شامل تفتیش کرنے اور ان کا ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا کہ نیب حملہ کیس بنانے میں شہزاد اکبر مرزا ماسٹر مائنڈ ہے ،مجھے سیاسی اثرورسوخ استعمال کرتے ہوئے پولیس کے ذریعے دہشگردی کے مقدمے میں نامزد کیا گیا ۔سپریم کورٹ پاکستان سے درخواست کرتا ہوں میری درخواست پر مقدمہ درج کیا جائے ۔ا نہوں نے کہا کہ سانحہ موڑ وے شہباز شریف کے دور میں ہوتا تو بھیڑے چوبیس گھنٹوں میں قانون کی گرفت میں ہوتے۔کیپٹن (ر) محمد صفدر نے مرزا جاوید اور افتخار چھچھڑ سمیت دیگر کے ہمراہ داتا دربار پر حاضری دی ، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی ۔ کیپٹن (ر) محمد صفدر نے نواز شریف کی صحت یابی اورکلثوم نواز کی روح کے ایصال ثواب کے لئے بھی دعا کی ۔


