قومی اسمبلی ،کلبھوشن کو اپیل کا حق دینے سے متعلق آرڈیننس کی مزید 3ماہ تک توسیع کی قرار داد منظور

اسلام آباد:قومی اسمبلی میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو اپیل کا حق دینے سے متعلق آرڈیننس کی مزید 3ماہ تک توسیع کی قرار داد کی منظوری دیدی گئی جبکہ سینیٹ سے مسترد ہونے والے انسداد منی لانڈرنگ اور اسلام آباد دارالحکومت علاقہ جات وقف املاک بل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں منظوری کیلئے پیش کرنے کی تحاریک کو بھی کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔ایف اے ٹی ایف سے متعلق کوآپریٹوسوسائٹیز(ترمیمی) بل2020کی بھی کثرت رائے سے منظوری دیدی گئی۔ اپوزیشن جماعتوں نے قرار داد،تحاریک اور بل کی مخالفت کی۔پیر کو قومی اسمبلی کااجلاس سپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت ہوا،اجلاس میں مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے سینیٹ سے مسترد ہونے والے انسداد منی لانڈرنگ اور اسلام آباد دارالحکومت علاقہ جات وقف املاک بل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں منطوری کیلئے پیش کرنے کی تحاریک پیش کیں۔اس موقع پر اپوزیشن نے احتجاج کیا اور تحاریک کی مخالفت کی۔پیپلزپارٹی کے سید نوید قمر نے کہا کہ سینیٹ میں دونوں بل سینیٹ رولز کے مطابق پیش نہیں کئے گئے ،جس پر بابر اعوان نے کہا کہ حکومت نے دونوں بل سینیٹ میں پیش کرنے کی تحاریک پیش کیں جن پر اعتراض کیا گیا اور اعتراض کے حق میں اپوزیشن نے90منٹ دلائل دئیے جن کا جواب میں نے اور وزیر قانون نے سینیٹ میں دیا ،اس کے بعد بل پیش کرنے کی تحاریک سینیٹ میں مسترد کر دی گئیں جسکی وجہ سے دونوں بل مشترکہ اجلاس میں پیش کرنے کی تحاریک اس ایوان میں پیش کی گئی ہیں۔سپیکر قومی اسمبلی نے رائے شماری کے بعد دونوں تحاریک کثرت رائے سے منطور کر لیں۔ مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو میں اپیل کا حق دینے سے متعلق آرڈیننس کی مزید 3ماہ تک توسیع کی قرار داد پیش کی جسکی بھی اپوایشن نے مخالفت کی اور کہا کہ حکومت آرڈیننس ہم پر مسلط مت کرے،حکومت آرڈیننس کی بجائے بل ایوان مین پیش کرے جسکو منظور کیا جائے۔رائے شماری کے قرار داد کو بھی کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا۔ مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے آپریٹوسوسائٹیز(ترمیمی) بل2020 پیش کیا ،بل کی شق واری منظوری کے بعد کثرت رائے سے بل منظور کر لیا گیا۔(رڈ)
Final-14-06

اپنا تبصرہ بھیجیں