سندھ ،88 اسکول اساتذہ میں کورونا وائرس کی تصدیق

کراچی :محکمہ تعلیم سندھ کا کہنا ہے کہ صوبے سندھ کے 88 اسکول اساتذہ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

محکمہ تعلیم سندھ کے مطابق صوبے کے 13 ہزار اساتذہ کے کورونا وائرس ٹیسٹ کرائے گئے جن میں سے 2500 اساتذہ کے نتائج محکمہ تعلیم کو موصول ہو گئے ہیں۔

اس سے قبل سندھ کے 2 کالجوں کے 16 اساتذہ کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے تھے جس کے بعد دونوں کالجوں کو بند کردیا گیا تھا۔

دوسری جانب سندھ حکومت نے کورونا کیسزمیں اضافے کے پیش نظردوسرے مرحلے میں چھوٹی جماعتوں میں تعلیمی سرگرمیاں شروع کرنے کا فیصلہ مؤخر کردیا ہے ۔

وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کہناہے کہ کورونا کے مثبت کیسز میں 2.4 فیصد اضافہ ہوا ہے جس کے بعد 21 ستمبر سے چھٹی سے آٹھویں جماعت کی کلاسیں کھولنے کا فیصلہ مؤخر کردیا گیا ہے۔

وزیر تعلیم سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے یہ فیصلہ 28 ستمبر تک مؤخر کیا ہے اور اس کے بعد بھی صورتحال بہتر نہ ہوئی تو آگے فیصلہ کریں گے۔

یاد رہے کہ ملک بھر میں 7 ماہ بعد 15 ستمبر سے تعلیمی اداروں کو مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کے بعد یونیورسٹیوں، کالجوں کے ساتھ ساتھ اسکولوں میں میٹرک کی کلاسز کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

تاہم، متعدد اسکولوں سے طے شدہ ایس او پیز پر عمل درآمد نہ ہونے کی رپورٹس بھی سامنے آئیں جس کے بعد 22 تعلیمی اداروں کو بند کردیا گیا تھا جن میں خیبرپختونخوا کے 16، اسلام آباد کا ایک اور آزاد کشمیر کے 5 تعلیمی ادارے شامل تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں