فیصلے سے ثابت ہوتا ہے آگ لگناحادثہ نہیں دہشت گردی اور مجرمانہ کارروائی تھی، علی زیدی

اسلام آباد:وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس کے فیصلے پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ فیصلے سے ثابت ہوتا ہے آگ لگناحادثہ نہیں دہشت گردی اور مجرمانہ کارروائی تھی۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں علی زیدی نے کہا کہ سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس پر عدالتی فیصلے سے لواحقین کا کچھ مداوا ہوا ہوگا جنہوں نے 8 سال تک انصاف کا انتظار کیا۔علی زیدی نے کہا کہ فیصلے نے ثابت کردیا ہے کہ سندھ پولیس کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی رپورٹس میں گڑبڑ کی گئی، اس فیصلے نے سندھ پولیس کی کارکردگی پربھی سوالات اٹھادئیے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہاکہ اس فیصلے کا سب سے افسوس ناک پہلو یہ ہے کہ حسب معمول سہولت کار، منصوبہ ساز اور حکم دینے والے بچ گئے جب کہ نیچے کے لوگ جنہوں نے ان کے حکم پر یہ سب کیا انہیں سزا مل گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں