پاک فوج ملکی خود مختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کو لاحق خطرات کا مقابلہ کرنے کیلئے مکمل طورپر تیار ہے، جنرل باجوہ
راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج ابھرتے ہوئے چیلنجوں اور علاقائی خطرات سے نمٹنے کیلئے تیار ہے، ملکی دفاع کے اندرونی اور بیرونی چیلنجوں پر توجہ مرکوز ہے، مسلح افواج پاکستان کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کو لاحق تمام خطرات کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے منگل کوجہلم کے قریب فیلڈ فائرنگ رینج کا دورہ کیا جہاں انہوں نے چینی ساختہ تھرڈ جنریشن مین بلٹ ٹینک وی ٹی 4کے مظاہرے کا مشاہدہ کیا۔ اس ٹینک کی شمولیت کے بعد پاکستان کی جنگی صلاحیت میں اضافہ ہو گا اسٹیٹ آف دی آرٹ ٹیکنالوجی اور جدید ہتھیاروں سے حملہ کرنے کی صلاحیت کا حامل VT-4 ٹینک دنیا کے کسی بھی جدید ٹینک کے ساتھ مطابقت رکھتا ہے، اس موقع پر افسران اور جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ ٹینک وی ٹی 4 اور مقامی طور پر تیار کردہ الخالد -1ٹینک سے آرمڈ کور کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوا ہے۔جس سے دشمنوں کے منصوبوں کو ناکام بنانے کے لئے پاکستان کی مجموعی دفاعی صلاحیت کو مزید تقویت ملے گی، آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج ابھرتے ہوئے چیلنجوں اور علاقائی خطرات سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔ ہم ملکی دفاع کے اندرونی اور بیرونی چیلنجوں کی طرف پوری طرح توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ مسلح افواج پاکستان کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کو لاحق تمام خطرات کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔ آرمی چیف نے جنگی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل تیاری اور اعلی ترین تربیت کے معیار کے لئے فوجیوں کی تعریف کی۔


