ترکی کے خلاف مدد کے لیے پومپیو آئندہ ہفتے یونان کا دورہ کریں گے
واشنگٹن :امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو آئندہ ہفتے یونان کا دورہ کریں گے۔ ان کے اس دورے کا مقصد ترکی کے ساتھ یونان کے جاری قدرتی وسائل کے تنازع پر ایتھنز کی مدد کرنا اور یونان کو امریکا کی حمایت کا یقین دلانا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پومپیو کا دورہ یونان یورپی ممالک کے دورے کے دوران ہو گا۔ وہ 27 ستمبر اور 2 اکتوبر کے درمیان یورپی ممالک کا دورہ کریں گے۔ اپنے اس دورے کے دوران مائیک پومپیو اٹلی، ویٹیکن سٹی اور دوسرے ملکوں میں جائیں گے جہاں وہ مذہبی آزادیوں اور کروشیا کے مسائل پر یورپی رہ نماوں سے بات چیت کریں گے۔
مائیک پومپیو کا یہ یونان کا ایک سال سے کم عرصے میں دوسرا دورہ ہو گا۔ وہ اپنے یونانی ہم منصب تھیسالونیکی اور وزیر اعظم کریاکوس میتسوٹاکیس سے بھی ملاقات کریں گے۔
امریکی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ یونان میں پومپیو واشنگٹن اور ایتھنز کے مشرقی بحیرہ روم میں سلامتی ، امن اور خوشحالی کو فروغ دینے، اور دہائیوں کے دوران سب سے مضبوط یونانی۔امریکی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر بات کریں گے۔
دو ہفتے قبل ، پومپیو نے قبرص کا دورہ کیاتھا جہاں انہوں نے ترکی سے مشرقی بحیرہ روم میں کشیدگی پیدا کرنے والی سرگرمیوں کو روکنے کی اپیل کی اور تمام فریقوں سے سفارتی ذرائع اختیار کرنے پر زور دیا تھا۔
ایک طرف ترکی اور دوسری طرف یونان اور قبرص کے مابین مشرقی بحیرہ روم میں تیل اور گیس کے وسائل پر تنازعہ چلا آ رہا ہے جس سے مزید شدید تصادم کا خدشہ پیدا ہوتا ہے۔
یہ تنازعہ 10 اگست کو اس وقت مزید بڑھ گیا تھا جب ترکی نے یونان کے پانیوں میں قدرتی گیس کی تلاش کے لیے ایک جہاز بھیجا۔ کشیدگی کا اختتام اگست کے آخر میں ہوا جب دونوں ممالک نے متوازی فوجی مشقیں کیں۔