حکومت سے پارلیمان میں اب کوئی تعاون نہیں کیا جائے گا، ترجمان ن لیگ
مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہےکہ حکومت سے پارلیمان میں اب کوئی تعاون نہیں کیا جائے گا۔
اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ قومی اسمبلی کے اسپیکر کا مینڈیٹ نہیں کہ وہ گلگت بلتستان کے معاملے پر اجلاس بلائیں۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کے گواہوں کے بیانات میں کہیں بھی کرپشن اور منی لانڈرنگ کا الزام تک نہیں۔
’عوامی مفاد سے متعلق قانون سازی میں پارلیمانی جماعتوں ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں‘
مریم اورنگزیب نے الزام عائد کیا کہ آل پارٹیز کانفرنس کو سبوتاژ کرنے اور گلگت بلتستان کے الیکشن میں دھاندلی کیلئے عمران خان نے شہباز شریف کی گرفتاری کا حکم دیا ہے۔
خیال رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور نے گلگت بلتستان میں شفاف انتخابات کے لیے پارلیمانی رہنماؤں سے تجاویز طلب کرلیں۔
اسپیکراسدقیصر نے تجاویزکیلئے 28 ستمبرکو پارلیمنٹ ہاؤس میں اجلاس بھی طلب کرلیا۔
گلگت بلتستان میں شفاف انتخابات کیلئے پارلیمانی رہنماؤں سے تجاویز طلب کرلیں
گلگت بلتستان الیکشن 2020کا شیڈول جاری کردیاگیا ہے، تمام 24 حلقوں پر عام انتخابات 15 نومبر کو ہوں گے۔
اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان نے بھی اسد قیصر سے ملاقات میں کہا ہے کہ وہ عوامی مفاد سے متعلق دیگرپارلیمانی پارٹیوں کو قانون سازی کے عمل میں ساتھ لےکر چلنا چاہتے ہیں۔