30شہروں کی ماسٹرپلاننگ منصوبے پر عملدرآمد کیا جارہا ہے، وزیر اعلی کی زیرصدارت اجلاس
کوئٹہ ؛وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے ٹائون ڈویلپمنٹ اینڈ ہاسنگ پالیسی کی تیاری کے عمل کی جلد ازجلد تکمیل کی ہدایت کی ہے، یہ ہدایت انہوں نے ایک اعلی سطحی اجلاس کے دوران کی جس میں کوئٹہ سمیت دیگر شہروں کی ماسٹر پلاننگ کے منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا، سیکرٹری اربن پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ عبداللطیف کاکڑ نے اجلاس کو بریفنگ دی، پارلیمانی سیکرٹری برائے کیو ڈی اے بشری رند، چیف سیکرٹری فضیل اصغر، اے سی ایس پی اینڈ ڈی عبدالرحمن بزدار، سیکریٹری اطلاعات عرفان غرشین، اسپیشل سیکرٹری خزانہ لعل جان جعفر، ڈی جی کیوڈی اے سمیت دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی، اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ کوئٹہ کی ماسٹر پلاننگ کے منصوبے کی تخمینہ لاگت تین سو ملین روپے ہے، منصوبے کے لئے کنسلٹنٹ کی تعیناتی کے ٹینڈرنگ کاعمل حتمی مراحل میں ہے اس کے ساتھ ساتھ صوبے کے تیس دیگر ٹانز کی ماسٹر پلاننگ کے منصوبے پر بھی عملدرآمد کیا جارہا ہے، وزیراعلی نے کہا کہ ماسٹر پلاننگ کا مقصد شہروں کی تعمیروترقی کو منظم خطوط پراستوار کرکے انہیں وسعت دینا ہے تاکہ بہتر شہری سہولتیں دستیاب ہوسکیں، وزیراعلی نے ہدایت کی کہ ماسٹر پلاننگ کی تکمیل کے بعد اس پر عملدرآمد کے لئے ایکٹ کے طور پر اسمبلی سے منظور کراکے نافذ کیا جائے گا تاکہ اسے قانونی تحفظ مل سکے اورکوئی بھی فرد واحد یا ادارہ ماسٹر پلاننگ کی خلاف ورزی نہ کرسکے۔


