سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا مہنگا پڑ گیا، سٹاک مارکیٹ میں بدترین مندی، ایک کھرب کا نقصان
سٹاک مارکیٹ میں 998.36 پوائنٹس کی بدترین مندی، 40 ہزار کی نفسیاتی حد دوبارہ گر گئی
لاہور:پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے پہلے روز کے دوران غیر یقینی صورتحال کے باعث بدترین مندی ریکارڈ کی گئی، 100 انڈیکس 998.36 پوائنٹس گر گیا جس کے باعث 40 ہزار کی نفسیاتی حد بھی گر گئی۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں سیاسی گہما گہمی کے باعث پاکستان سٹاک مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال دیکھنی پڑ رہی ہے، جس کے باعث انویسٹرز ٹریڈنگ میں حصہ لینے سے گریزاں کر رہے ہیں۔
رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران حصص مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مندی سے ہوا، صبح دس بجے انڈیکس 525.04 پوائنٹس گر گیا، انڈیکس کی سطح 40 ہزار کی نفسیاتی حد کھونے کے بعد 39545.79 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گئی۔
پورے کاروباری روز کے دوران مندی میں اُتار چڑھاؤ دیکھنے کو ملا، ایک موقع پر انڈیکس میں مندی 1 ہزار پوائنٹس سے زائد سے گر گیا تھا اور انڈیکس 38865.10 پوائنٹس کی سطح پر دیکھا گیا تھا۔
تاہم کاروبار کے اختتام پر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 998.36 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی اور انڈیکس 40 ہزار کی نفسیاتی حد کھونے کے بعد 39072.47 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 2.49 فیصد کی تنزلی ریکارڈ کی گئی اور ٹریڈنگ کے دوران 27 کروڑ 79 لاکھ 44 ہزار 438 شیئرز کا لین دین ہوا، جس کے باعث سرمایہ کاروں کو ایک کھرب روپے سے زائد کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔


