کوئٹہ شہرکے مختلف علاقوں میں گیس لیکج کے باعث بدبو پھیلنے سے شہری پریشان ہوگئے
کوئٹہ: کوئٹہ شہرکے مختلف علاقوں میں گیس لیکج کے باعث بدبو پھیلنے سے شہری پریشان ہوگئے ، سوئی گیس حکام کا کہنا ہے کہ گیس لیکج کا سروے جاری ہے جبکہ ادارہ تحفظ ماحولیات بلوچستان نے سوئی سدرن گیس کمپنی سے تفصیلات طلب کرلیں ۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقوں انسکمب روڈ، میکانگی روڈ، کاسی روڈ، فقیر محمد روڈ، زرغون روڈ، سمیت دیگر علاقوں میں گیس نما بدبو سے شہری پریشان ہوگئے اس حوالے سے رابطہ کرنے پر ترجمان سوئی سدرن گیس کمپنی کوئٹہ نے این این آئی کو بتایا کہ کوئٹہ شہر سمیت دیگر علاقوں کو سپلائی کی جانے والی گیس میں ایک خاص تیل ملایا جاتا ہے جس کی بو سے گیس لیکج کی نشاندہی کی جاسکتی ہے انہوں نے بتایا کہ کوئٹہ شہر میں گیس لیکج سروے کیا جارہا ہے جسکی وجہ سے شہر کے مختلف علاقوں میں گیس کی بو کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں انہوں نے کہا کہ جن علاقوں میں گیس لیکج کی نشاندہی ہوگی وہاں مرمت کا کام کیا جائیگا ترجمان کے مطابق شہر میں مختلف کاموں کے لئے کھدائی کے دوران اکثر گیس پائپ لائنز کو نقصان پہنچتا ہے اسکی طرح گلی محلوں ،گھروں میں جانے والی سروس لائن اور سروس وال بھی اکثر لیک ہوجاتے ہیں جنکی مرمت کے لئے شہر میں ٹیمیں کام کر رہی ہیں ۔دوسری جانب کوئٹہ ادارہ تحفظ ماحولیات بلوچستان کے ڈائریکٹر جنرل جہانگیر خان کاکڑ نے سوئی سدرن گیس کمپنی کوئٹہ کے جنرل منیجر کو نوٹس جاری کیا ہے جس میں انہوں نے شہر میں گیس کی بدبو کے حوالے سے تفصیلات طلب کی ہیں ،نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اگر شہر میں گیس لیکج ہے تو اسکی مرمت کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے ادارے کو آگاہ کیا جائے گیس لیکج کے باعث ماحول اور صحت پر مضر اثرات ہونے کا اندیشہ ہے جبکہ شہر کی فضاء پہلے سے ہی آلودہ ہونے کی وجہ سے یہ خطرہ مزید بڑھ سکتا ہے ۔عوامی حلقوں نے سوئی سدرن گیس کمپنی اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کوئٹہ شہر میں گیس لیکج کا نوٹس لیتے ہوئے مرمت کے لئے فوری اقدامات کریں تاکہ شہریوں کی صحت کو تحفظ فراہم کرنے ساتھ ساتھ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے پیشگی نمٹا جا سکے


