ضرورت مند شدید بیمار صحافیوں کے لیے مالی معاونت کی پیش کش
کراچی:وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کی کراچی پریس کلب کے حالیہ دورے کے دوران صدر امتیاز خان فاران اور سیکریٹری ارمان صابر سے ضرورت مند شدید بیمار صحافیوں کے لیے مالی معاونت کی پیشکش کے بعد وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات نے اس سلسلے میں ضرورتمند صحافیوں کی مالی امداد کے لیے ایس او پیز تیار کرلی ہیں ۔وزارت اطلاعات کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق ضرورتمند صحافی اپنی درخواست متعلقہ پریس کلبز کے ذریعہ پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ میں جمع کراسکیں گے ۔پی آئی ڈی درخواست کی جانچ پڑتال کرے گا اور اپنی سفارشات کے ساتھ اسے وزارت اطلاعات کو ارسال کرے گا۔ کسی صحافی کے انتقال یا شدید بیماری کی صورت میں مالی امداد ان کے لواحقین کو فراہم کی جائے گی۔ مالی امداد کی درخواست کے ساتھ قومی شناختی کارڈ کی کاپی ،بینک اکانٹ نمبر، بیماری کی صورت میں اسپتال کا میڈیکل سرٹیفکیٹ، موت کی صورت میں نادرا سے تصدیق شدہ ڈیتھ سرٹیفکیٹ اور فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ جمع کرانا ہوگا۔ ضرورتمند صحافیوں کی مالی امداد ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کی رپورٹ سے مشروط ہوگی۔


