جہاں سے خطرہ ہوگا وہیں حملہ کیا جائے گا،بھارت
نئی دہلی :قومی سلامتی صلاح کار اجیت ڈوبھال (Ajit Doval) نے اتوار کو اشاروں ہی اشاروں میں وارننگ دے ڈالی۔ ڈوبھال نےسخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ ہندستان نے کبھی بھی کسی بھی ملک پر حملہ نہیں کیا ہے، لیکن یہ طئے ہے کہ جہاں سے خطرہ ہو گا، وہیں حملہ کیا جائے گا۔ وجئے دشمی کے خاص موقع پر اتراکھنڈ کے رشی کیش میں ایک پروگرام میں پہنچے این ایس اے اجیت ڈوبھال نے کہا، ہم وہیں لڑیں گے جہاں پر آپ کی خواہش ہے یہ کوئی ضروری تو نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم وہاں جنگ لڑیں گے جہاں سے ہمیں خطرہ محسوس ہو رہا ہے۔
ڈوبھال نے کہا ہم جنگ تو کریں گے، اپنی زمین پر بھی کریں گے اور باہر کی زمین پر بھی کریں گے لیکن اپنے نجی مفاد کے لئے نہیں کریں گے۔ این ایس اے اجیت ڈوبھال نے کہا ہے کہ ہندوستان ایک باوقار ملک ہے جس کا وجود قدیم زمانے سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندستان بھلے ہی 1947 میں وجود میں آیا ہو لیکن قدیم ہندوستانی علم۔ سائنس کی معترف پوری دنیا ہمیشہ سے رہی ہے۔
ڈوبھال نے کہا کہ ہندوستان اپنی مالامال ثقافت کی وجہ سے کسی مذہب یا زبان کے دائرے میں نہیں بندھا۔ ہندوستان کو ایک ملک کے طور پر مضبوط پہچان دلانے اور مہذب بنانے میں یہاں کے سنتوں اور مہاتماوں کا بڑا تعاون ہے۔
این ایس اے ڈوبھال کے بیان پر حکومت کی طرف سے صفائی دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ این ایس اے کا بیان چین کو لے کر نہیں دیا گیا ہے بلکہ یہ ہندستان کی روحانی سوچ پر دیا گیا ہے۔ حالانکہ ڈوبھال کا یہ بیان واضح کرتا ہے کہ ہندستان کسی بھی ملک سے ڈرنے والا نہیں ہے اور جنگ کی کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لئے وہ پوری طرح سے تیار ہے۔


