کوویڈ رسک الاؤنس میں آپریشن سیل کے ملازمین کو نظرانداز کرنا قابل مذمت ہے،آغامحمودشاہ
کوئٹہ۔جمعیت علماء اسلام کے صوبائی جنرل سیکرٹری اور رکن قومی اسمبلی مولانا آغا محمود شاہ نے کہا ہے کہ کوویڈ رسک الاؤنس میں آپریشن سیل کے ملازمین کو نظرانداز کرنا قابل مذمت ہے، کورونا وائرس آپریشن سیل کنٹرول روم سیکرٹریٹ کے عملہ اور ملازمین نے مارچ سے اب تک 8 ماہ مسلسل اور بلاناغہ خدمات انجام دیں ان کو رسک الاؤنس سے محروم کرنا ان کے ساتھ زیادتی ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملازمین کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مولانا آغا محمود شاہ نے کہا کہ وزیراعلی بلوچستان نے کوویڈ کے دوران خدمات سرانجام دینے والے محکمہ صحت کے ملازمین کو کوویڈ رسک الاؤنس کی ادائیگی کے احکامات جاری کئے اور محکمہ خزانہ نے اس ضمن میں نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا لیکن کنٹرول روم آپریشن سیل کے ملازمین کو اس اعزازیہ سے محروم کیا گیا جس کے باعث ان میں تشویش پائی جاتی ہے اور ان کی حوصلہ شکنی ہوگئی ہے انہوں نیکہا کنٹرول روم آپریشن سیل کے ملازمین نے مارچ سے اب تک ایک دن بھی چھٹی نہیں کی ہے۔ رمضان المبارک کے دوران اور عیدین کے موقع پر انہوں نے اپنی بے لوث خدمات سرانجام دیں اور حتی کہ اتوار کے دن بھی ان کی چھٹی نہیں ہے لہذا آپریشن سیل کے ملازمین کو نظرانداز کرنا ناانصافی اور ان کی حق تلفی ہے انہوں نیکہا کہ ہمیں ان ملازمین کی خدمات پر فخر ہے انہوں نے مشکل وقت میں کوویڈ 19 کے مریضوں کی دیکھ بال کی اور دن رات ایک کرکے اپنی خدمات پیش کیں جس کا صلہ ملنا چاہیے اور ان کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے انہوں نے وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان، پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی اور سیکرٹری صحت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر کوویڈ رسک الاؤنس میں آپریشن سیل کے ملازمین کو بھی شامل کریں اور ان کی بے چینی ختم کریں۔


