سی ٹی ایس پی اساتذہ کا مسئلہ جوں کا توں ہے، ملک سکندر، ڈپٹی سپیکراسمبلی کی سیکرٹری کو خط لکھنے کی ہدایت
کوئٹہ :بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن ارکان قائدحزب اختلاف ملک سکندر ایڈووکیٹ،ملک نصیراحمدشاہوانی اورنصراللہ زیرے نے حکومت پرتنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت فیصلے کرتی ہیں لیکن اس پر عملدرآمد نہیں ہوتا،حکومت کی جانب سے وعدوں پرعملدرآمد ہوا ہے اور نہ ہی پیش آنے والے واقعات پر جوڈیشل انکوائری کامطالبہ پورا کیاگیاہے،سی ٹی ایس پی کے شارٹ لسٹڈ اساتذہ کے آرڈرز آج تک نہیں ہوسکے ہیں جبکہ کیچ کے 116اساتذہ اپنے مطالبات کے حق میں سراپااحتجاج ہیں،صوبائی وزیر خزانہ میرظہوراحمدبلیدی اور رکن اسمبلی سید احسان شاہ نے کہاکہ کیچ کے اساتذہ ڈیوٹی سے غیرحاضری کی بنیاد پر نکالے گئے تھے اس سلسلے میں سمری چیف سیکرٹری سے ہوکر وزیراعلیٰ کو بھیج دی جائیگی بلکہ انہیں ایک ہفتے کے اندر بحال کردیا جائے گا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں پوائنٹ آف آرڈر پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پربلوچستان نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر ملک نصیراحمدشاہوانی نے کہاکہ کیچ کے 116اساتذہ سراپااحتجاج ہیں ان کے مسائل کے حل کیلئے حکومتی سطح پر کوئی اقدام نہیں اٹھایا جس کی وجہ سے لوگوں میں مایوسی پھیل رہی ہے،قائد حزب اختلاف ملک سکندرایڈووکیٹ نے کہاکہ سی ٹی ایس پی کے تحت ہزاروں شارٹ لسٹڈ امیدواروں کو آرڈرز جاری نہیں کئے گئے انہوں نے اسمبلی کے سامنے احتجاج کیالیکن اس کے باوجود مسئلہ جوں کے توں ہے،لہٰذاء فوری طور محکمہ تعلیم کے حکام کی جانب سے انہیں آرڈرز جاری کئے جائیں۔اس حوالے سے کمیٹی بنی ہے۔اس موقع پر رکن اسمبلی سید احسان شاہ نے کہاکہ کیچ میں ٹیچرز کامسئلہ پہلے بھی اٹھایا تھا وزیراعلیٰ نے آرڈرز بھی جاری کئے تھے پھر ہمارے گزارش پر کیس کی سنوائی ڈپٹی کمشنر کے پاس رکوائی گئی محکمہ تعلیم کی ذمہ داری ہے کہ ڈپٹی کمشنر نے انکوائری کے دوران جو سفارشات مرتب کی ہے اس پر عملدرآمد کیاجائے،ایجوکیشن کے محکمہ کے ریکارڈ کے مطابق ایک ماہ قبل وہ تنخواہیں لے چکے ہیں،اس بات کی تحقیقات ہونی چاہئیں اگر وہ اساتذہ غیر حاضر ہیں توانہیں تنخواہیں کیسے وصول ہوئی۔ اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر سرداربابر موسیٰ خیل نے رولنگ دی کہ سی ٹی ایس پی کے شارٹ لسٹڈ امیدواروں کے آرڈرز کے معاملے پر کمیٹی بنی ہے انہوں نے ہدایت کی کہ کیچ کے سراپااحتجاج اساتذہ سے متعلق سیکرٹری ایجوکیشن کو لیٹر بھیجاجائے کہ اس معاملے پراسمبلی سیکرٹریٹ کو معلومات فراہم کی جائے۔


